بنگلورو، 10؍ دسمبر(ایس او نیوز)کرناٹک میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ کے سبب اس طرح کے خدشات ہیں کہ آنے والے دنوں میں ریاستی حکومت کی طرف سے اسکول اور کالجس بند کردئیے جائیں گے۔ لیکن اس سلسلہ میں ریاستی وزیر برائے تعلیم بی سی ناگیش نے واضح کیا ہے کہ ریاست میں فی الحال کورونا وائرس اور اومیکرون کے معاملات کی نشاندہی کے باوجود اسکولوں اور کالجوں کے لئے حکومت نے جو رہنما خطوط جاری کئے ہیں وہی برقرار رہیں گے۔ ریاستی کابینہ کی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کے بارے میں عوام میں بیداری لائی جائے،ایسی پابندی ممکن نہیں ہے کہ جن بچوں کے والدین نے اب تک کووِڈ ویکسین نہیں لیا ہے ان کو اسکول آنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہائی اسکولوں میں کورونا سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹلوں میں کورونا کے کیسوں میں اضافہ کے پیش نظر ان پر نظر رکھنے والی ہیلتھ کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مسلسل جائزہ لیتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ فی الحال ایسی سنگین صورتحال نہیں کہ ہاسٹلوں یا اسکولوں کو بند کردیا جائے۔ وزیر تعلیم نے بتایا کہ ریاست میں اب تک 172 اساتذہ اور طلباء کو کووِڈ ہوا۔ ا ن میں سے 100صحت یاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں اسکولوں ں میں بچوں کی حاضری بڑھتی جا رہی ہے۔ اقامتی اسکولوں پر خاص نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پرائمری اسکول میں کورونا کے کیسوں کی کوئی اطلاع اب تک نہیں ہے۔ اس کے باوجود ان اسکولوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے لئے ایک مخصوص ایس او پی جاری کرنے کے بارے میں حکومت نے تکنیکی مشاورتی کمیٹی سے بات کی، لیکن ڈاکٹرو ں نے فی الحال اسے غیر ضروری قرار دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کوروناکی وجہ سے امتحان ٹھیک طرح سے نہیں کروائے جا سکے، اس لئے حکومت نے رواں سال امتحانات کو مناسب طریقہ سے کروانے کی تیاری ابھی سے شروع کرلی ہے۔